رتلام، 14اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع میں ناملی کے پاس آج صبح ایک پرائیویٹ بس کے پانی سے بھری کھائی میں گر جانے سے 13 افراد کی موت ہو گئی اور 13 دیگر زخمی ہو گئے۔حادثے میں تین افراد کو بچا لیا گیا۔اضافی پولیس سپرنٹنڈنٹ پرشانت چوبے نے بتایا کہ بس سے اب تک 12 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بس رتلام سے جاورا جا رہی تھی، تب صبح تقریباََ ساڑھے دس بجے ناملی سے دو کلومیٹر دور باڑہ پتھر علاقے میں یہ حادثہ ہوا۔ایک عینی شاہد کے مطابق، بس بہت تیز رفتار سے جا رہی تھی اور بے قابو ہوکر پلٹ گئی پھر پانی سے بھری کھائی میں جا گری۔غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق بس میں 40 سے45مسافر سوار تھے۔